ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وقف ترمیمی بل 2024: جے پی سی کی مدت کار بجٹ اجلاس تک بڑھانے کی قرارداد پارلیمنٹ میں پیش ہوگی

وقف ترمیمی بل 2024: جے پی سی کی مدت کار بجٹ اجلاس تک بڑھانے کی قرارداد پارلیمنٹ میں پیش ہوگی

Thu, 28 Nov 2024 12:49:18  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 28/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) 'وقف (ترمیمی) بل 2024' کا جائزہ لینے کے لیے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی مدت کار میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس کمیٹی کی بدھ کے روز ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا، اور اب اس فیصلے سے متعلق قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ جے پی سی کو رواں ہفتہ کے آخر تک لوک سبھا میں رپورٹ جمع کرنی تھی۔ لیکن جے پی سی میں شامل اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے کمیٹی کی مدت کار میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ جلدبازی میں کوئی غلط رپورٹ جمع نہیں ہونی چاہیے۔ اب کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے کہا ہے کہ سبھی اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ جے پی سی کی مدت کار میں اضافہ ہونا چاہیے۔ اس سے قبل جگدمبیکا پال نے کہا تھا کہ کمیٹی کی رپورٹ تقریباً تیار ہے او راسے وقت پر ایوان کو بھیجا جائے گا۔ حالانکہ اپوزیشن نے لگاتار اس پر اعتراض ظاہر کیا۔ اپوزیشن لیڈران نے اس معاملے میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے گزشتہ دنوں ملاقات بھی کی تھی۔

بدھ (27 نومبر) کے روز جب جے پی سی کی میٹنگ ہوئی تو اپوزیشن اراکین نے کمیٹی کی مدت کار بڑھائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ اپوزیشن اراکین میٹنگ کو درمیان میں ہی چھوڑ کر ہال سے باہر نکل گئے۔ ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے کہا کہ کمیٹی کا بیشتر وقت برسراقتدار طبقہ سے جڑے لوگوں سے ہی بات چیت میں لگایا گیا اور جن ریاستوں میں سب سے زیادہ وقف ملکیت ہے، انھیں مدعو نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد جے پی سی کی میٹنگ پارلیمنٹ ہاؤس کے انیکسی میں بھی ہوئی۔ میٹنگ کے بعد باہر آئے اراکین پارلیمنٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ کمیٹی کی مدت کار بڑھائے جانے پر اتفاق قائم ہو گیا ہے۔

اس سے قبل جب کمیٹی کے اپوزیشن اراکین نے میٹنگ سے واک آؤٹ کیا تو انھوں نے چیئرمین جگدمبیکا پال کی سخت تنقید کی۔ اپوزیشن اراکین چیئرمین کے اس بیان سے ناراض تھے کہ کمیٹی کا مسودہ رپورٹ تیار ہے۔ بہرحال، جے پی سی تشکیل دینے والی لوک سبھا نے جمعرات کے لیے تیار اپنے کاموں کی فہرست میں ’بجٹ اجلاس 2025 کے آخری دن تک‘ رپورٹ پیش کرنے کے لیے وقت بڑھانے کا قرارداد فہرست بند کیا ہے۔


Share: